میں قیدی نمبر 805 ہوں، یہ اعزاز بانی پی ٹی آئی کا دیا ہوا ہے": شاہ محمود قریشی

میں قیدی نمبر 805 ہوں، یہ اعزاز بانی پی ٹی آئی کا دیا ہوا ہے

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں پیشی کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پارٹی قیادت اور کارکنان کے لیے اہم پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ "ہماری جماعت کی قیادت جو باہر ہے، ان سے اپیل ہے کہ جو جیل میں ہیں، وہ آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔"شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ "میری دستبستہ استدعا ہے کہ اتفاق رکھیے، سلوک رکھیے اور جیل میں پڑے قیادت اور کارکنان کے لیے کوئی اقدام اٹھائیں۔" انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ "ایک دوسرے پر بیان بازی اور نقطہ چینی نہ کریں، جیل میں جو قیادت اور کارکن ہیں، ان کے دل جلتے ہیں۔ احترام کے ساتھ برتاؤ کریں اور اپنی صفوں میں یکجہتی رکھیں۔"اپنی گرفتاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ "میں قیدی نمبر 805 ہوں، مجھے بانی پی ٹی آئی نے یہ نمبر دیا تھا۔" انہوں نے اپنی بے گناہی کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ "جن کیسز میں ہم جیل میں ہیں، ان میں ملوث نہیں ہوں۔ میں کسی سازش یا توڑ پھوڑ میں شامل نہیں تھا، میرے خلاف جو مقدمات بنے ہیں ان میں ایک ہی الزام ہے۔"

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی بتایا کہ ان کے خلاف پنڈی میں 14 مقدمات ہیں، ملتان میں 5 مقدمات میں ضمانت ہو چکی ہے، جبکہ لاہور میں 14 مقدمات سے 8 میں ضمانت حاصل ہو چکی ہے، باقی چھے مقدمات پر اپیل کی جا رہی ہے۔ایک صحافی کے سوال پر کہ پنجاب حکومت کی کارکردگی کے بارے میں کیا کہیں گے، شاہ محمود قریشی نے کہا، "میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی پر خاموشی اختیار کروں گا، میرا کام آگ لگانا نہیں، بھجانا ہے۔"