کوئٹہ میں بھی آج سے 3 روزہ بسنت میلہ شروع

بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں،ڈور، پیلے لباس دیگر اشیا کی خریدوفروخت
 کئی علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور روایتی تقریبات کا اہتمام 
کوئٹہ ( خصوصی رپورٹ)لاہور کے بعد بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں بھی آج سے 3 روزہ بسنت میلہ منایا جائے گا جس پر شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑگئی، شہر میں بسنت کے حوالے سے تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔3روزہ بسنت میلہ آج سے 15 فروری تک جاری رہے گا۔ بازاروں میں رنگ برنگی پتنگوں، مضبوط ڈور، پیلے لباس اور بسنت کی دیگر اشیا کی دھوم مچی ہوئی ہے۔ گورت سنگھ روڈ، پرنس روڈ، علمدار روڈ، کاسی روڈ، سرکی روڈ، جان محمد روڈ، سبزل روڈ، نواں کلی، بروری روڈ، جیل روڈ، لیاقت بازار اور دیگر علاقوں میں جوش و خروش سے خریداری کا سلسلہ جاری ہے، جہاں لوگ پتنگوں کینت نئے ڈیزائن دیکھ کر لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ مختلف علاقوں میں مقامی ثقافتی پروگرامز، موسیقی اور روایتی تقریبات کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔کوئٹہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ تہوار شہر میں تفریحی مواقع کی کمی کو پورا کرے گا۔ یاد رہے کہ حکومتی سطح پرکوئٹہ میں بسنت کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔