اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان-ترکیہ بزنس فورم کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے شرکت کی، جہاں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے معاہدے کیے گئے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ 5 ارب ڈالر کے تجارتی حجم کے ہدف کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر کے دورہ پاکستان کو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کے فروغ میں اہم قرار دیا اور کہا کہ رجب طیب اردوان مسلم امہ کی آواز ہیں، جن کی قیادت میں ترکیہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ و تاریخی تعلقات ہیں اور ترکیہ آج ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ایک جدید ملک بن چکا ہے۔
انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مکمل سہولتیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر نے ہمیشہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔