اسلام آباد:حکومت پاکستان نے وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف-8 اور ایف-9 کے درمیان واقع انٹرچینج کو ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے نام سے منسوب کر دیا۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ترک صدر رجب طیب ایردوان اور وزیراعظم شہباز شریف نے شرکت کی۔ اس موقع پر ترک صدر نے خود طیب ایردوان انٹرچینج کی تختی کی نقاب کشائی کی۔یہ جدید انٹرچینج جناح ایونیو اور آغا شاہی ایونیو کے سنگم پر تعمیر کیا گیا ہے اور اسے ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔ منصوبے کے تحت اسلام آباد میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کو منظم کرنے اور شہریوں کو سفری سہولت فراہم کرنے کے لیے اس انفراسٹرکچر کو بنایا گیا۔حکومتی فیصلے کے تحت انٹرچینج کو ترک صدر کے نام سے منسوب کرنے کا مقصد پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا اور ترک صدر کے لیے پاکستان کے احترام کا اظہار کرنا ہے۔