رمضان میں گھی اور تیل کی قلت کا خدشہ ختم، بندرگاہوں سے کلیئرنس کا مسئلہ حل

رمضان میں گھی اور تیل کی قلت کا خدشہ ختم، بندرگاہوں سے کلیئرنس کا مسئلہ حل

کراچی:کسٹمز حکام کی مؤثر کاوشوں کے باعث ملک کی بندرگاہوں پر پھنسی ہوئی گھی اور خوردنی تیل کی کھیپ کلیئر کر دی گئی، جس سے رمضان المبارک کے دوران گھی اور کوکنگ آئل کی ممکنہ قلت کا خدشہ ختم ہوگیا۔

پاکستان وناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PVMA) کے چیئرمین شیخ عمر ریحان نے ایسوسی ایشن کے اجلاس میں ممبران کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بندرگاہوں پر گھی اور تیل کی کلیئرنس میں درپیش مسائل کو حل کرنے میں چیف کلکٹر کسٹمز جمیل ناصر، کلکٹر پورٹ قاسم نیر شفیق سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کی دستیابی سے متعلق تمام قیاس آرائیاں دم توڑ چکی ہیں، جبکہ رمضان المبارک میں قلت کے باعث قیمتوں میں اضافے کے خدشات بھی ختم ہوگئے ہیں۔شیخ عمر ریحان نے کہا کہ کسٹم حکام نے پورٹ پر خوردنی تیل کے کلیئرنس مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کر دیا ہے، جس کی بدولت مارکیٹ میں وافر مقدار میں گھی اور خوردنی تیل کی فراہمی جاری رہے گی۔

انہوں نے وزارت میری ٹائم افیئرز اور پورٹ قاسم اتھارٹی سے اپیل کی کہ شپمنٹس کی ڈیمریجز کا مسئلہ تاحال زیر التوا ہے، جس کے باعث تاجروں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا ہے۔چیئرمین پی وی ایم اے نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کی سپلائی چین مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے، اور آئندہ دنوں میں کسی قسم کی قلت یا بحران کا امکان نہیں ہے۔