لاہور: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون نے نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے خاتون کو بلیک میل کرکے 30 لاکھ روپے ہتھیانے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کارروائی ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب عمل میں لائی گئی، جہاں سے مرکزی ملزم حسنات عمران اور اس کے ساتھی عدیل ریاض کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک خاتون کی نجی تصاویر اور ویڈیوز کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا اور مختلف اوقات میں متاثرہ خاتون اور اس کے خاندان سے مجموعی طور پر 30 لاکھ روپے وصول کیے۔حکام کے مطابق ملزمان نے نجی تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے متاثرہ خاتون کو مسلسل دباؤ میں رکھا اور رقم کا مطالبہ کرتے رہے۔ بلیک میلنگ کے باعث متاثرہ خاندان کو مالی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
کارروائی کے دوران این سی سی آئی اے کی ٹیم نے ملزمان کے قبضے سے 4 موبائل فون برآمد کیے، جبکہ ان میں موجود قابل اعتراض ویڈیوز، واٹس ایپ چیٹس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق ملزمان نے مختلف اوقات میں متاثرہ خاندان کو بلیک میل کرکے بھاری رقوم وصول کیں۔ ادارے نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔