عالمی میری ٹائم تحفظ کا نظام بنانے کی کوشش میں پاکستان کی حمایت کر تے ہیں:روسی قونصل جنرل

دہشتگردی، منشیات وانسانی سمگلنگ جیسے نئے خطرات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ مرکز قائم کیا جائے، آندرے وکٹرووچ فیدروف 
کراچی (آئی این پی )کراچی میں روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیدروف نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی میری ٹائم تحفظ کا نظام بنانے کی توجہ طلب کوشش کررہا ہے، روس پاکستان کے اس اقدام کی نا صرف شکرگزار بل کہ اسے انتہائی اہم سمجھتاہے اوراسکی مکمل حمایت کر تے ہیں، امن 2025 عالمی مشقوں کا نعرہ 'امن کیلئے اکٹھ ' مکمل طورپر اس رستہ کا عکاس ہے جس کی انسانیت کو لازمی پیروی کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کیا ۔ آندرے وکٹرووچ فیدروف نے کہا کہ یہ بات خفیہ نہیں کہ مرکزی مواصلاتی راستے اور میری ٹائم مواصلات تمام ریاستوں کی اقتصادی ترقی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس لیے میری ٹائم سکیورٹی یقینی بنانا تمام اقوام کی ترقی اور استحکام کوبرقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بدلتے جیو سیاسی حالات اور ٹیکنالوجی کی انتہائی تیزی سے ترقی کے سبب نئے خطرات ابھر رہے ہیں۔ نا صرف علاقائی بل کہ عالمی سطح پر دہشتگردوں کی سرگرمیوں کے نئے طریقے بھی سامنے آرہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان عالمی میری ٹائم تحفظ کا نظام بنانے کی توجہ طلب کوشش کررہا ہے، روسی فیڈریشن، پاکستان کے اس اقدام کی نا صرف شکرگزار ہے بل کہ اسے انتہائی اہم سمجھتی ہے اوراسکی مکمل حمایت کرتی ہے۔