اب ہماری خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیا جائیگا: اویس لغاری

 ہم امن کے داعی ہیں، مگر جنگ کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں،وفاقی وزیر کا یوم تکبیر پرپیغام
اسلام آباد (آن لائن)وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا اب ہماری خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیا جائے گا ۔ 28 مئی 1998وہ تاریخی لمحہ تھا جب ہم نے اپنی حفاظت کا ایٹمی ڈھال اپنے ہاتھوں سے تیار کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سلامتی ہمارا اولین اور آخری مقصد ہے، ہم امن کے داعی ہیں، مگر جنگ کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں اور جو ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا، اسے عبرتناک جواب ملے گا ، ہمارے سائنسدانوں اور دفاعی ماہرین کی قربانیوں نے ہمیں ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اور صرف دفاعی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ معرکہ حق کے دوران ساری دنیا نے دیکھا اور جو ہمارے امن پسند رویے کو کمزوری سمجھے، وہ تاریخ کے اوراق میں ہماری طاقت کا مشاہدہ کر چکا ہے۔ پاکستان کبھی جارحیت نہیں کرے گا، مگر جو ہم پر جارحیت کرے گا، اسے عبرتناک شکست ہوگی ۔