تمام شوگر ملز میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بھی نصب کئے جائیں:عدالت
تحفظات دور نہ کئے تو مجبوراً ناصر باغ پراجیکٹ روکنا پڑیگا:جسٹس شاہد
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ نے تمام پارکس میں تجاوزات ختم کرنے اورتمام شوگر ملز میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس نصب کرنے کا حکم دیدیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ ممبر جوڈیشل کمیشن ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور میاں عرفان اکرم سمیت دیگر پیش ہوئے۔دوران سماعت ممبر جوڈیشل کمیشن نے بتایا کہ محکمہ ماحولیات نے اپنے رولز میں ترمیم کیں جس کے تحت ناصر باغ سمیت کچھ پراجیکٹس پر این او سی کی ضرورت نہیں۔ جسٹس شاہد کریم نے دوران سماعت اپنے ریمارکس میں کہا کہ ناصر باغ سمیت کئی تاریخی مقامات کی اہمیت ہے ،کسی بھی ادارے کو پراجیکٹ شروع کرنے سے پہلے اس اہمیت کو سامنے رکھنا چاہے،درخت اور ہریالی کو ختم کرنا کسی صورت درست نہیں،ڈی جی ایل ڈی اے ،ماہرین اور ممبر جوڈیشل کمیشن سے میٹنگ کریں، اگر تحفظات دور نہ کئے تو مجبوراً مجھے ناصر باغ پراجیکٹ روکنا پڑے گا۔ جسٹس شاہد کریم نے مزید کہا کہ پی ایچ اے قانون کے مطابق درختوں کی پلانٹیشن کرے،لاہور میں جو پارک ٹھیک حالت میں نہیں ان کو بحال کیا جائے،جن پارکس میں تجاوزات ہیں ان کو ختم کریں تاکہ بچے وہاں کھیل سکیں۔عدالت نے مختلف محکموں سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔