پرانے آڈٹ معاملات کے حل کے لیے ٹھوس حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت
چیئرپرسن علی حیدر گیلانی کی زیرصدارت اجلاس میں ارکانِ اسمبلی کی شرکت
لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی میں پی اے سی-II کا اجلاس چیئرپرسن سید علی حیدر گیلانی ایم پی اے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں عدنان افضل چٹھہ، شیر علی خان سمیت دیگر ارکانِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں صنعتوں کے محکمے اور متعلقہ اداروں، خصوصاً ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی سے متعلق آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں یہ تشویش سامنے آئی کہ کئی آڈٹ پیراز 2014 یا اس سے بھی پہلے کے ہیں، جس کے باعث ان کے حل میں مشکلات پیش آرہی ہیں کیونکہ اْس وقت کے ذمہ دار افسر اب اپنے عہدوں پر موجود نہیں۔کمیٹی نے مالی بے ضابطگیوں پر بھی غور کیا، جن میں EOI سبسکرپشنز جمع نہ کروانا، فنڈز کے غلط استعمال اور ادارے کی ساخت میں کمپنی سے اتھارٹی میں تبدیلی کے دوران پیدا ہونے والے مسائل شامل ہیں۔اجلاس کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ پرانے آڈٹ معاملات کے حل کے لیے ٹھوس حکمتِ عملی تیار کی جائے اور مستقبل میں بہتر مالی شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔