16دسمبر سے پٹرول 36 پیسے اور ڈیزل 11 روپے 85 پیسے لٹر سستا ہوسکتا
مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے ،لائٹ ڈیزل میں 10 روپے 1 پیسہ کمی متوقع
اسلام آباد(بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک بڑی کمی کا امکان ہے۔ 16 دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 11 روپے فی لٹر تک کم ہوسکتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے متعلق متعلقہ محکمے نے ابتدائی ورکنگ تیار کرلی۔ذرائع کے مطابق پٹرول 36 پیسے فی لٹر اور ڈیزل 11 روپے 85 پیسے فی لٹر سستا ہونے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ مٹی کا تیل 11 روپے 70 پیسے اور لائٹ ڈیزل 10 روپے 1 پیسہ فی لٹر تک سستا ہونے کا امکان ہے۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے قیمتوں کی سمری 15 دسمبر کو منظوری کیلئے ارسال کی جائے گی جس پر وزیراعظم کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویڑن نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔اگر تجویز کردہ کمی ہوئی تو اْس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 9 پیسے،ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 80 پیسے ہو جائے گی۔اس کے علاوہ مجوزہ کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت 181 روپے 16 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 153 روپے 76 پیسے فی لٹر ہوجائے گی۔