اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا نواز شریف

 ہر امیدوار سے انٹرویو کے بعد ٹکٹ کا فیصلہ کرتے ہیں، پارٹی میں اندرونی لڑائیوں کو برداشت کیا جائے:سابق وزیراعظم 
اسلام آباد (بیورو رپورٹ،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ تمام اکائیوں کا حق ہے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں۔مسلم لیگ (ن) کی آزاد کشمیر سے متعلق قائم سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت نواز شریف نے کی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے سیاسی حالات، آئندہ عام انتخابات اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزاد کشمیر مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت شاہ غلام قادر کی سربراہی میں شریک ہوئی جبکہ گلگت بلتستان سے حافظ حفیظ الرحمن سمیت دیگر رہنماوٓں نے شرکت کی۔اجلاس میں رانا ثنا اللہ، مریم اورنگزیب، احسن اقبال، امیر مقام، پرویز رشید ، برجیس طاہر بھی موجود تھے۔ شاہ غلام قادر نے نواز شریف کو آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت، کارکردگی اور آئندہ انتخابات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ ذرائع کے مطابق سیاسی اور انتخابی حکمت عملی پر شرکا نے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔نواز شریف نے شاہ غلام قادر اور آزاد کشمیر قیادت کی دعوت پر اگلے ماہ دو روزہ دورہ آزاد کشمیر کا اعلان کیا دورے کے دوران تنظیمی امور، انتخابی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کو حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔قائد حزبِ اختلاف شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ میں شامل کرنے کی درخواست پیش کی۔ ذرائع کا کہنا ہے نواز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف سے بات کرونگا۔نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کواین ایف سی ایوارڈ کے تحت فنڈز ملنے چاہئیں، پنجاب میں آئیں تو نظر آتا ہے کہ یہ ترقی کرتا صوبہ ہے، خیبرپختونخوا، آزادکشمیر، گلگت بلتستان سے لوگ علاج کیلئے پنجاب آرہے ہیں۔انہوں نے کہا پنجاب حکومت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، مختلف شہروں میں عوام کے لیے میگا پراجیکٹس جاری ہیں، کسانوں کی فلاح وبہبود کے لیے بھی اقدامات کررہی ہے، شہریوں کیلئے بہترین سڑکیں بنائی جارہی ہیں، پنجاب تیزی سے ترقی کی مزید منزلیں طے کر رہا ہے۔نواز شریف نے کہا ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔ نوازشریف نے کہا چاہتے ہیں مسلم لیگ ن گلگت میں کامیابی حاصل کرے،الیکشن کیلئے ہم ہر امیدوار سے انٹرویو کے بعد ٹکٹ کا فیصلہ کرتے ہیں، پارٹی میں اندرونی لڑائیوں کو برداشت اور پارٹی اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، فضا بہت اچھی ہے، انتخابات کے نتائج اچھے آنے چاہئیں۔ان کا کہناتھا 31دسمبر تک امیدواروں سے درخواستیں وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔