لاہور: 13 سالہ طالبعلم سے نازیبا حرکت کی کوشش ناکام، ملزم آن لائن ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

لاہور: 13 سالہ طالبعلم سے نازیبا حرکت کی کوشش ناکام، ملزم آن لائن ٹیکسی ڈرائیور گرفتار

گرین ٹاؤن میں ایک 13 سالہ طالبعلم کو اس وقت نازیبا حرکات اور بدفعلی کی کوشش کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اسکول سے گھر واپس آ رہا تھا۔

 ملزم، جو کہ ایک آن لائن ٹیکسی ڈرائیور ہے، بچے کو اپنی گاڑی میں لے کر جاتا ہوا پایا گیا۔ راستے میں ملزم نے بچے کے ساتھ نازیبا حرکات کرنے کی کوشش کی، جس پر بچے نے شور مچا دیا۔ بچے کے شور مچانے پر ملزم گھبرایا اور بچہ کو گاڑی سے اتار کر اس کے گھر کے باہر چھوڑ کر فرار ہو گیا۔موقع واردات سے بچہ کے بیان اور دیگر شہادتوں کی مدد سے پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزم کی نشاندہی اور ٹریسنگ کی۔ بروقت کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور کو تلاش اور گرفتار کر لیا۔

 ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے جینڈر سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مزید تفتیش کی جا سکے۔ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے اس کاروائی کو بروقت اور موثر قرار دیتے ہوئے، ایس ایچ او اور پولیس ٹیم کی کوششوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی پر پولیس اہلکاروں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان بھی کیا ہے، تاکہ مستقبل میں بھی ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔