مریض پریشان ،سی ای او اور ڈپٹی ہیلتھ آفیسر کے دفاتر بھی بجلی سے محروم،سوا 7 کروڑ واجب الادا ہیں
شیخوپورہ(خصوصی رپورٹ) ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کا کروڑوں روپے بجلی کابل ادا نہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ہسپتال سمیت سی ای او ہیلتھ آفس اور اس سے ملحقہ ڈپٹی ہیلتھ آفیسر کے دفاتر کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو ہیلتھ آفس سمیت ڈپٹی ہیلتھ آفیسرز آفس کے بجلی کے موجودہ بل ادا ہو چکے ہیں مگر ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ کی انتظامیہ نے بجلی کا 7 کروڑ 24 لاکھ روپے بل ادا نہیں کیا جس پر لیسکو نے ہسپتال سمیت دیگر ہیلتھ دفاتر کی بجلی کے کنکشن بھی منقطع کردئیے جس کی وجہ سے جہاں دور دراز سے آنے والے مریضوں کو پریشانی کا سامنا ہے وہاں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے سی ای او ہیلتھ آفس میں کام کرنے والے ملازمین کو بھی شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ،بجلی نہ ہونے کی وجہ سے او پی ڈی اور ایمرجنسی میں انتہائی نگہداشت کے مریضوں کو آکسیجن بھی نہیں مل رہی۔