امریکی گلوکار نک جونس کی بھارتی کھانوں کے حوالے سے محبت ایک بار پھر سوشل میڈیا پر چھا گئی ہے، جس کے بعد مداح انہیں اپنی اہلیہ پریانکا چوپڑا سے بھی زیادہ ’انڈین‘ قرار دے رہے ہیں۔
نک نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اپنے بھائی جو جونس اور دوستوں کے ہمراہ کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے ایک بھارتی ریسٹورنٹ میں مختلف دیسی پکوانوں سے لطف اندوز ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نک اور جو پیاز کے بھجیا، مرغ مکھنی، رانی کچوری، لیمب چاپ اور پاپڑ سمیت مختلف بھارتی کھانے کھا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایک خاتون کی آڈیو پر بھی لپ سنکنگ کر رہے ہیں، جس میں وہ بھارتی کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں، "آئی لوو دس کائنڈ آف اسٹف"۔ یہ پہلی بار نہیں ہے جب نک جونس نے بھارتی کھانوں سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہو، اس سے قبل بھی انہوں نے بٹر چکن، پنیر، ساگ پنیر، نان اور چکن بریانی کو اپنی پسندیدہ بھارتی غذا قرار دیا تھا۔
ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد بھارتی مداحوں نے دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ ایک صارف نے لکھا کہ "نک جونس اب پریانکا چوپڑا سے بھی زیادہ بھارتی بن چکے ہیں"، جبکہ ایک اور مداح نے مذاقاً انہیں ’آدھا انڈین‘ قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ نک جونس نے 2018 میں بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا سے شادی کی تھی، اور دونوں کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام مالتی میری ہے۔