ڈارون ٹیسٹ: حسن محمود کی عمدہ بولنگ، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی

ڈارون ٹیسٹ: حسن محمود کی عمدہ بولنگ، آسٹریلیا کی پوری ٹیم 198 رنز پر پویلین لوٹ گئی

بنگلادیش کے حسن محمود کی تباہ کن بولنگ کے باعث آسٹریلوی ٹیم 198 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی ہے۔

ڈارون میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں، آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے 45 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن اس کے بعد یکے بعد دیگرے 74 کے مجموعی اسکور پر 4 وکٹیں گر گئیں۔ جیک ویدرالڈ 23، ٹریوس ہیڈ 22، کیمرون گرین 13 اور مارنس لبوشین ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے بعد، اسٹیو اسمتھ اور ایلکس کیری نے ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی، لیکن 129 کے مجموعی اسکور پر کیری بھی 19 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ اسمتھ نے ایک طرف سے ٹیم کو سنبھالے رکھا، مگر دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا، اور پوری ٹیم 198 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اسٹیو اسمتھ 71 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ بیو ویبسٹر 12، کپتان پیٹ کمنز 9، نیتھن لیون 7 اور مچل اسٹارک ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی جانب سے حسن محمود نے 6 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ تسکین احمد اور عبادت حسین نے 2، 2 وکٹیں لیں۔ یہ دوسرا موقع ہے جب بنگلادیشی فاسٹ بولرز نے ایک اننگز میں تمام 10 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ حسن محمود کی جانب سے 55 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کرنا کسی بھی بنگلادیشی فاسٹ بولر کی طرف سے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسرا بہترین ہندسہ ہے۔