گلین فلپس نے بھارت کے خلاف دو عالمی ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کردی

گلین فلپس نے بھارت کے خلاف دو عالمی ریکارڈ قائم کرکے تاریخ رقم کردی

آکلینڈ: نیوزی لینڈ کے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین فلپس نے بھارت کے خلاف 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

گلین فلپس نے سیریز کے تمام پانچ میچز میں مجموعی طور پر 341 رنز اسکور کیے، جس کے ساتھ وہ پانچ میچز کی ٹی 20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر بن گئے۔اس سے قبل یہ ریکارڈ انگلینڈ کے فل سالٹ کے پاس تھا، جنہوں نے 2023 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں 331 رنز بنائے تھے۔ گلین فلپس نے 341 رنز بنا کر ان کا ریکارڈ توڑ دیا۔نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر نے سیریز کے دوران ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں، جبکہ ان کا اسٹرائیک ریٹ 185.33 رہا، جو ان کی جارحانہ بیٹنگ کا واضح ثبوت ہے۔گلین فلپس کی نمایاں اننگز میں آکلینڈ میں کھیلا گیا میچ بھی شامل ہے، جہاں انہوں نے محض 49 گیندوں پر 107 رنز بنائے۔ ان کی اس دھواں دار اننگز کی بدولت نیوزی لینڈ نے بھارت کو 87 رنز سے شکست دی تھی۔

سیریز کے آخری میچ میں بھی گلین فلپس نے اپنی عمدہ فارم برقرار رکھی اور ناقابلِ شکست 65 رنز اسکور کرکے نیوزی لینڈ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم پانچ میچز پر مشتمل سیریز بھارت نے 2-3 سے اپنے نام کرلی۔گلین فلپس نے اس سیریز میں ایک اور عالمی اعزاز بھی حاصل کیا۔ وہ 2026 کے دوران بھارت کے خلاف ٹی 20 میچز میں مجموعی طور پر 522 رنز بنا چکے ہیں، جو ایک کیلنڈر سال میں کسی ایک حریف کے خلاف کسی بیٹر کی جانب سے بنائے گئے سب سے زیادہ رنز ہیں۔