اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)قومی اسمبلی کی مذہبی امور کمیٹی نے نئی حج پالیسی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پالیسی کے جائزے کے لیے ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی۔ بدھ کو قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرپرسن شگفتہ جمانی کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس میں حج پالیسی 2026-30 اور گزشتہ حج کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سیکرٹری مذہبی امور ابرار حسین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران کمیٹی کے اراکین نے چار سالہ حج پالیسی پر اعتراض اٹھایا۔ سابق وزیر اعجاز الحق نے کہا کہ چار سالہ حج پالیسی کابینہ سے منظوری کے بعد کمیٹی کو بتائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کابینہ ہی حج کے فیصلے کرتی ہے تو مذہبی امور کمیٹی ختم کر دی جائے۔ اعجاز الحق نے رانا ثنا اللہ اور مصدق ملک کے حوالے سے کہا کہ انہیں حج کا کیا پتہ ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ مذہبی امور سے متعلق مسودہ کمیٹی سے ہو کر پارلیمنٹ جاتے ہیں۔