لاہور میں بارہ سے زائد عارضی ناکہ جات قائم، خطرناک ڈرائیونگ پر بلاامتیاز ایکشن ہوگا:سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے فیصل چوک مال روڈ پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا اور شہریوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی عہد کی تجدید کا دن ہے، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت سوچ اپنانا ہوگی اور قومی جذبے کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہوٹر بازی، ون ویلنگ، ریسنگ اور زیگ زیگ ڈرائیونگ کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، جبکہ ہلڑ بازی اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لیے لاہور کے 12 سے زائد مقامات پر عارضی ناکہ جات قائم کیے جائیں گے۔ خطرناک ڈرائیونگ، ریسنگ اور ہلڑ بازی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی کے موقع پر قانون کی پاسداری کریں، ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ سے گریز کریں۔ لاہور ٹریفک پولیس جشنِ آزادی کے موقع پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کرے گی۔