لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور ٹریفک پولیس نے جشن آزادی کے موقع پر ٹریفک اور سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے تمام سرکاری گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر قومی پرچم آویزاں کرنے جبکہ سرکاری عمارتوں پر قومی و محکمانہ پرچم لہرانے کی ہدایت کردی۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق جشن آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کے لیے ٹریفک پولیس بہترین انتظامات یقینی بنائے گی، جبکہ جشن آزادی کی تقریبات، گریٹر اقبال پارک، واہگہ بارڈر اور دیگر تاریخی و تفریحی مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ، ہلڑ بازی، زگ زیگ ڈرائیونگ اور ریسنگ کے خلاف خصوصی اقدامات کیے جارہے ہیں، جبکہ ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ، روڈ ریج، بفل نکالنے اور سائلنسر اتروانے والوں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا کہ ون ویلنگ کرتے پکڑے جانے والے افراد اور موٹر مکینکس دونوں کے خلاف مقدمہ درج ہوگا، جبکہ جشن آزادی کے موقع پر عارضی ناکے لگا کر ہلڑبازوں کو کنٹرول کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 سال سے کم عمر افراد کی ڈرائیونگ پر ڈرائیور کی موٹرسائیکل، گاڑی یا رکشہ تین دن کے لیے بند کیا جائے گا۔