ڈرائیونگ کیلئے عمر 16 سال مقرر، ای چالان سخت کرنیکا فیصلہ والدین بچوں کو گاڑی دینگے تو کارروائی ہوگی:مریم اورنگزیب

نابالغ بچے گاڑی چلائیں گے تو یہ خودکشی کے مترادف ہے،  منشیات کے خلاف آپریشن صرف حکومتی کارروائی نہیں بلکہ ایک سماجی مشن ہے
 وزیراعلی مریم نواز  نوجوانوں کو نشے سے محفوظ رکھنے کے لئے  روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ لیتی ہیں :سینئرصوبائی وزیر کا بیان 
لاہور(سپیشل رپورٹر) پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے   ڈرائیونگ کی عمر 16سال کردی گئی ہے اور مستقبل میں ای چالان سسٹم مزید سخت بنایا جائے گا۔اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ٹریفک ڈسپلن کو بہتر بنانے کیلئے  نئے روڈ سیفٹی میکنزم فعال کیے جا رہے ہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کیلئے  زیرو ٹالرنس پالیسی برقرار رہے گی، جب تک لوگ خود ذمہ داری نہیں لیں گے، حادثات کم نہیں ہوں گے۔سینئر وزیر کا کہنا تھا اگر والدین بچوں کو گاڑی دیں گے تو قانون سخت کارروائی کرے گا، ایک ایک جان قیمتی ہے، کسی کو اپنی یا دوسروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ پنجاب میں منشیات کے خلاف تاریخ کا سخت ترین آپریشن جاری ہے، منشیات کے خلاف آپریشن صرف حکومتی کارروائی نہیں بلکہ ایک سماجی مشن ہے، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں خصوصی اسپاٹ چیکس بڑھا دئیے گئے ہیں، ڈرگز مافیا کے خلاف جنگ آخری حد تک جائے گی، کوئی رعایت نہیں ہوگی