محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بادل کہاں کہاں برسنے کی پیشگوئی اور الرٹ جاری

محکمہ موسمیات کی جانب سے آج بادل کہاں کہاں برسنے کی پیشگوئی اور الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں بارشوں کی پیشگوئی جاری کی ہے، جس کے مطابق اسلام آباد، کشمیراور بالائی کے پی کے میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

 گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابرآلود رہے گا اور بعض مقامات پر بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد میں آج دن بھر جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے، شام کے وقت بارش شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ شہر کا درجہ حرارت معمول سے 4 ڈگری کم ہے، صبح 23 ڈگری سینٹی گریڈ اور دن میں 34 ڈگری تک جا سکتا ہے۔ ہوائیں 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی، اور نمی کا تناسب 71 فیصد سے زیادہ ہے۔کراچی کا موسم ابر آلود اور مرطوب رہے گا، رات کو بونداباندی کا امکان ہے۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، جبکہ موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ ہوا میں نمی 75 فیصد ہے اور رفتار 11 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 15 اگست تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس میں چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مردان، صوابی، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، مہمند اور کرم شامل ہیں۔پی ڈی ایم اے کے مطابق، بارشوں کے سبب حساس پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مردان و صوابی کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی نگرانی جاری ہے۔