نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ موسمی حالات کے پیش نظر اہم الرٹ جاری کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق، آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں موسمی تبدیلیاں متوقع ہیں جن میں بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری شامل ہے۔
پنجاب اور خیبر پختونخوا میں موسمی تبدیلی کی پیشگوئی
ترجمان کے مطابق، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ خاص طور پر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم اور سیالکوٹ سمیت کئی شہریوں میں گرج چمک کے ساتھ موسمی تبدیلی کی توقع ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔اسی طرح، منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور، میانوالی، سرگودھا، جھنگ، لیہ اور ملتان کے علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کا سامنا ہوسکتا ہے۔
شمالی علاقہ جات اور گلیشیئرز کا خطرہ
خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع جیسے چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ، پشاور، مردان، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی موسمی تبدیلی کی توقع ہے، جہاں بعض مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ اس کے علاوہ، درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات سے بھی خبردار کیا گیا ہے۔
موسمی صورتحال کا دیگر علاقوں پر اثر
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔وسطی اور جنوبی سندھ میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سامنا ہوسکتا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، البتہ، ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور لورالائی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کراچی میں شدت کی گرمی کی لہر جاری ہے، اور درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ہے۔
انتظامیہ کی ہدایت
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ خاص طور پر، موسمی تبدیلیوں کے پیش نظر، عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے حفاظتی اقدامات کریں اور موسمی حالات کے مطابق تیار رہیں۔