نوجوان نسل کو فنون، ثقافت اور اپنی اقدار سے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے
حکومت پنجاب فنون و ثقافت کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے :وزیر اطلاعات پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر )وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے الحمرا میں سمر کیمپ کے تحت نوجوان فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کا افتتاح کر دیا۔نمائش میں 40 نوجوان آرٹسٹوں کے 85 فن پارے پیش کیے گئے، جن میں ڈرائنگ، پینٹنگ، خطاطی اور دیگر مختلف میڈیمز میں تخلیق کیے گئے فن پارے شامل ہیں، نوجوان فنکاروں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ وژن کے ذریعے مختلف موضوعات کو خوبصورتی سے اجاگر کیا۔سمر کیمپ کے نوجوان فنکاروں کی جانب سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا تیار کردہ پورٹریٹ بھی نمائش میں پیش کیا گیا، جس نے خصوصی توجہ حاصل کی، اس موقع پر عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز شریف کا پورٹریٹ نوجوان آرٹسٹوں کی فنی مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت حکومت پنجاب فنون و ثقافت کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے جبکہ نوجوان نسل کو فنون، ثقافت اور اپنی اقدار سے جوڑنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔