پنجا ب میں نجی سکولوں کو 15جون سے 15جولائی تک سمر کیمپ کی اجازت کا اعلان وزیر تعلیم نے ایکس اکائونٹ کے ذریعے کیا
لاہور(آئی این پی )پنجاب حکومت نے گرمیوں کی تعطیلات کے دوران طلبا کی سیکھنے کی سرگرمیوں کو جاری رکھنے کیلئے بڑا فیصلہ کیا ہے ۔صوبے بھر کے نجی سکولوں کو 15جون سے 15جولائی تک مفت سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی گئی ہے۔اس فیصلے کا اعلان صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اپنے ایکس اکائونٹ کے ذریعے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپس کا مقصد بچوں کی مسلسل سیکھنے اور تعلیمی مشغولیت کو فروغ دینا ہے تاکہ تعطیلات میں بھی ان کی صلاحیتیں نکھرتی رہیں۔واضح رہے کہ حکومتی ہدایت کے مطابق سمر کیمپس میں شرکت مکمل طور پر رضاکارانہ اور مفت ہوگی۔ کسی بھی سکول کو بچوں سے کوئی فیس یا اضافی چارجز لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اگر کسی ادارے کی جانب سے خلاف ورزی کی گئی تو سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔شدید گرمی کے پیش نظر حکومت نے سمر کیمپ کے اوقات کار صبح 7:30 بجے سے 10:00 بجے تک مقرر کیے ہیں تاکہ بچے موسم کی شدت سے محفوظ رہ سکیں۔اس فیصلے کا والدین، اساتذہ اور تعلیمی ماہرین نے خیرمقدم کیا ہے۔