شہری کا 5 کلو سونا، کسٹم کو موجودہ ریٹ پر رقم ادا ئیگی کا حکم

 سونا کیوں پگھلایا اور کس قانون کے تحت ایسا کیا گیا؟لاہور ہائیکورٹ کا استفسار
 کسٹم نے 2006 میں پانچ کلو سونا پکڑا، واپس کررہے نہ رقم دی :درخواستگزار
 لاہور(کرائم  رپورٹر)لاہور ہائیکورٹ نے لاہور ائیرپورٹ سے برآمد کروڑوں روپے مالیتی 5 کلو سونے کی واپسی کیس میں کسٹم حکام سے سونے سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس خالد اسحاق نے عباس علی کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ کسٹم انفورسمنٹ حکام نے 2006 میں لاہور ائیرپورٹ سے پانچ کلو سونا پکڑاتاہم عدالتی کارروائی کے بعد بھی سونا واپس کیا نہ مساوی رقم دی ۔عدالت سونا یا موجودہ وقت کے مطابق ادائیگی کرنے کا حکم دے۔عدالت نے استفسار کیا کہ کسٹم حکام بتائیں سونا کہاں ہے؟۔کسٹم کے وکیل نے بتایا کہ سونا پاکستان منٹ بھجوا کر پگھلا دیا گیا ،عدالت نے استفسار کیا کہ سونا کیوں پگھلایا گیا اور کس قانون کے تحت ایسا کیا گیا؟۔کسٹم کے وکیل نے بتایا کہ کسٹم حکام سونے کی سال 2006 کی قیمت کے مطابق 60 لاکھ روپے ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کسٹم حکام اعلیٰ عدالتی حکم کے مطابق موجودہ ریٹ کے مطابق ادائیگی کے پابند ہیں۔کسٹم کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت مہلت دے ، حکام سے ہدایات لے کر آگاہ کر دیتے ہیں۔عدالت نے کیس کی سماعت 26 ستمبر تک ملتوی کردی۔