روسی افواج کی مشرقی یوکرین میں تیز رفتار پیش قدمی، ڈوبروپیلیا کے قریب یوکرینی دفاع میں شگاف

روسی افواج کی مشرقی یوکرین میں تیز رفتار پیش قدمی، ڈوبروپیلیا کے قریب یوکرینی دفاع میں شگاف

ماسکو: روسی افواج نے مشرقی یوکرین کے علاقے ڈوبروپیلیا (Dobropillia) کے قریب اچانک کارروائی کرتے ہوئے یوکرینی دفاعی لائن میں شگاف ڈال دیا ہے۔

 ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت امریکی اور روسی صدور کی متوقع ملاقات سے قبل کیف پر دباؤ بڑھانے کی حکمتِ عملی کا حصہ ہوسکتی ہے۔یوکرین کے معتبر ’’ڈیپ اسٹیٹ‘‘ وار میپ کے مطابق روسی افواج نے ڈونیٹسک ریجن پر مکمل کنٹرول حاصل کرنے کے لیے گزشتہ چند دنوں میں دو محاذوں پر کم از کم 10 کلومیٹر تک پیش قدمی کی ہے، جو گزشتہ ایک سال میں کسی بھی محاذ پر دیکھی جانے والی تیز ترین پیش رفت ہے۔رپورٹ کے مطابق روسی فوجیوں نے تین دیہات کے قریب یوکرینی دفاعی لائن میں خلا کا فائدہ اٹھا کر اندرونی علاقوں میں داخل ہو کر پوزیشن مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن جمعہ کو الاسکا میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق پوٹن چاہتے ہیں کہ یوکرین ڈونیٹسک ریجن کے باقی ماندہ علاقے بھی روس کے حوالے کرے۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے تصدیق کی کہ روسی فوجی متعدد مقامات پر 10 کلومیٹر تک آگے بڑھ گئے ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ "ہم ان میں سے کئی کو تباہ یا گرفتار کر چکے ہیں اور باقی کو بھی جلد ختم کریں گے"۔