پاکستان، امریکا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ—مشترکہ اعلامیہ جاری

پاکستان، امریکا انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ—مشترکہ اعلامیہ جاری

اسلام آباد: پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

امریکی سفارتخانے کے مطابق یہ ڈائیلاگ پاکستانی سیکریٹری خارجہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے کوآرڈینیٹر برائے انسداد دہشت گردی گریگری ڈی لوجرفو کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا۔اعلامیے میں دونوں ممالک نے ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو دہرایا اور بی ایل اے، داعش خراسان اور ٹی ٹی پی سمیت مختلف دہشت گرد گروہوں کے خطرات سے نمٹنے پر زور دیا۔امریکا نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی میں کامیابیوں کو سراہا اور جعفر ایکسپریس و خضدار اسکول بس حملے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

مزید کہا گیا کہ ڈائیلاگ میں سکیورٹی چیلنجز اور نئی ٹیکنالوجی کے دہشت گردی میں استعمال سے نمٹنے کے اقدامات پر اتفاق ہوا۔ اس کے ساتھ ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور سکیورٹی صلاحیتوں میں اضافے پر بھی زور دیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل و منظم روابط برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔