راولپنڈی: پاکستان اور تاجکستان کی افواج کے درمیان دوطرفہ انسداد دہشت گردی مشق ’’دوستی III‘‘ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔
دو ہفتے تک جاری رہنے والی اس مشترکہ فوجی مشق میں دونوں ممالک کے فوجی دستوں نے انسداد دہشت گردی کے تجربات کا تبادلہ کیا اور اپنی آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے پر توجہ دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کی افواج کے درمیان مشترکہ انسداد دہشت گردی مشق کا تیسرا ایڈیشن اسپیشل آپریشنز اسکول، چیراٹ میں منعقد ہوا، جو اختتام پذیر ہوگیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ مشق 26 اکتوبر کو شروع ہوئی تھی اور اس دوران دونوں ممالک کے فوجی اہلکاروں نے مختلف تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ مشق کا بنیادی مقصد انسداد دہشت گردی کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا، آپریشنل طریقہ کار کو بہتر بنانا اور مشترکہ کارروائیوں کے لیے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا تھا۔
مشق کے دوران فوجی دستوں نے مختلف آپریشنل سرگرمیوں اور تربیتی مشقوں میں حصہ لیا، جبکہ انسداد دہشت گردی آپریشنز میں مؤثر حکمت عملی، بہترین طریقہ کار اور عملی تجربات کے تبادلے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔اس مشترکہ مشق کے ذریعے دونوں افواج کو ایک دوسرے کی عملی صلاحیتوں اور آپریشنل طریقہ کار سے آگاہی حاصل کرنے کا موقع ملا، جس سے باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔