چیمپئنز ٹرافی کے دوران احتجاج نہیں کریں گے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر تمام جمہوری قوتوں کے پاس جائیں گے:سلمان اکرم راجہ

تحریک انصاف کا گرینڈ الائنس بنانے کا اعلان
 حکومت مذاکرات میں بات ٹالنے کی کوشش کر رہی تھی ، حکمرانوں سے نظام نہیں چلایا جا رہا، عوام حکمرانوں کو ماننے کیلئے تیار نہیں، 8 فروری کو ہم صوابی میں جلسہ کریں گے، ہم حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے: سیکرٹری جنرل کی گفتگو 
 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک ) تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے دوران احتجاج نہیں کریں گے۔ گفتگوکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ پی ٹی آئی چیمپئنز ٹرافی کے دوران ایسا احتجاج نہیں کرے گی جس سے بڑے ایونٹ میں خلل پیدا ہو، اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں مسترد کرتے ہیں اور واضح طور پر چیمپئنز ٹرافی میں کوئی خلل نہیں ڈالیں گے، ہمارا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے سچ کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، اس سلسلے میں 9مئی اور26 نومبرکے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تاہم موجودہ نظام میں سچائی کی جانب بڑھنے کی خواہش نہیں، موجودہ نظام دھونس اورجبر کی بنیاد پر چلایا جارہا ہے، ہم حق سچ کی آواز بلند کرتے رہیں گے، یہ جبر سے ہماری آواز دبانا چاہتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ حکومت مذاکرات میں بات ٹالنے کی کوشش کر رہی تھی، ہم پارلیمان کے وجود پرآواز اٹھاتے ہیں تو کمیٹی کے سامنے کیسے بیٹھیں؟ حکمرانوں سے نظام نہیں چلایا جا رہا، عوام حکمرانوں کو ماننے کیلئے تیار نہیں، یہ کب تک حملے کریں گے اور لوگوں کو اٹھائیں گے؟ 8 فروری کو ہم صوابی میں جلسہ کریں گے، جلسے میں اپنی آواز بلند کریں گے، ن لیگ اور پی پی کو چھوڑ کر تمام جمہوری قوتوں کے پاس جائیں گے، ہم تمام جماعتوں سے مل کر بڑا اتحاد بنائیں گے۔