26 نومبر احتجاج کیس: عدالت نے ایک بار پھر علیمہ خان کے شناختی کارڈ کی بحالی کا حکم دے دیا

26 نومبر احتجاج کیس: عدالت نے ایک بار پھر علیمہ خان کے شناختی کارڈ کی بحالی کا حکم دے دیا

راولپنڈی میں 26 نومبر احتجاج کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی، جہاں ملزمہ  علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فریقین کے وکلاء نے اپنے دلائل مکمل کر لیے۔

سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج  امجد علی شاہ نے کی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ظہیر علی شاہ نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان گزشتہ دو ماہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں، جس کی وجہ سے کیس کی کارروائی متاثر ہو رہی ہے۔ پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ مسلسل عدم حاضری پر قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے۔دوسری جانب وکیلِ صفائی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کا شناختی کارڈ بلاک ہے، جس کی وجہ سے انہیں آمد و رفت اور قانونی تقاضے پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ وکیل نے عدالت سے درخواست کی کہ شناختی کارڈ کی بحالی کے لیے بھی حکم جاری کیا جائے تاکہ وہ آئندہ سماعتوں میں بآسانی پیش ہو سکیں۔

دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 20 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ تاریخ پر علیمہ خان اور تفتیشی افسر کو طلب کر لیا۔عدالت نے وکیل صفائی کو ہدایت کی کہ وہ آئندہ سماعت پر کیس میں آخری گواہ پر جرح مکمل کریں۔ اسی کے ساتھ عدالت نے علیمہ خان کے بلاک شناختی کارڈ کی بحالی کے حوالے سے متعلقہ حکام کو دوبارہ حکم جاری کیا، تاکہ قانونی رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور کیس کی کارروائی آگے بڑھائی جا سکے۔