بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کا ایک مشکل اور تکلیف دہ واقعہ شیئر کیا ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ شوٹنگ کے دوران حادثاتی طور پر زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے اپنا کام جاری رکھا۔
ایک حالیہ شو میں گفتگو کرتے ہوئے شلپا شیٹی نے بتایا کہ ایک سین کی عکس بندی کے دوران وہ ایک فریم سے باہر نکل رہی تھیں، اسی دوران ان کی کمر سیٹ پر موجود HMI لائٹ سے ٹکرا گئی، جس کے باعث ان کی جلد جل گئی۔ ان کے مطابق اس وقت فوری طور پر درد یا جلن کا زیادہ احساس نہیں ہوا، لیکن کچھ دیر بعد شدید جلن شروع ہوئی تو انہیں چوٹ کا اندازہ ہوا۔اداکارہ نے بتایا کہ اس واقعے کے باوجود انہوں نے پروفیشنلزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹنگ مکمل کی اور اگلے دن بھی سیٹ پر پہنچ گئیں۔ تاہم زخمی ہونے کی وجہ سے انہیں کپڑے پہننے میں شدید دشواری پیش آئی، جس پر انہوں نے عارضی طور پر اپنے لباس میں تبدیلی کرتے ہوئے اسے آسان طریقے سے پہننے کے قابل بنایا تاکہ تکلیف کم ہو سکے۔شلپا شیٹی کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے کام کے ساتھ مکمل طور پر مخلص رہی ہیں اور کبھی نہیں چاہا کہ ان کی وجہ سے پروڈکشن یا ٹیم کا کام متاثر ہو۔ اسی جذبے کے تحت انہوں نے تکلیف کے باوجود شوٹنگ جاری رکھی اور اپنے پیشہ ورانہ عزم کو برقرار رکھا۔