لاہور میں گاڑیوں کے سائیڈ شیشے چوری کرنے والے منظم گروہ کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کر کے غالب مارکیٹ پولیس نے شاہدرہ میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 4 رکنی گروہ کو حراست میں لیا گیا۔پولیس کے ترجمان کے مطابق، ڈی آئی جی آپریشنز کی ہدایت پر ایس ایچ او فیصل ندیم کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے خاص ٹاسک دیا گیا تھا، جسے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ملزمان میں مرکزی ملزم عمران، اس کے بیٹے بابر اور دانش، اور رشتہ دار فرحان شامل ہیں۔ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ عمران نے اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ مل کر یہ گروہ تشکیل دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان رات کے اوقات میں مختلف علاقوں میں کھڑی گاڑیوں کے سائیڈ شیشے چوری کرتے تھے، اور بعد میں بلال گنج مارکیٹ میں ایک دکان قائم کر کے چوری شدہ شیشے سستے داموں بیچتے تھے۔پولیس نے کارروائی کے دوران چوری شدہ شیشوں سے بھرے 4 توڑے اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی ہیں۔ تفتیش جاری ہے اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔