زرعی شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، وزیر زراعت

جڑانوالہ (آ ن لائن)وزیرِ زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہاہے کہ ایگرو پروسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ سے نہ صرف برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ زرعی شعبے کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسان کارڈ پروگرام کے تحت 250 ارب روپے کے بلا سود قرضوں سے 8 لاکھ کاشتکار مستفید ہو رہے ہیں۔چھوٹے، درمیانے اور بڑے ایگرو پروسیسنگ یونٹس کے لیے خصوصی فنانسنگ پروگرام متعارف کرائے جائیں گے تاکہ نجی شعبہ بھرپور انداز میں اس میدان میں سرمایہ کاری کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز حکومتِ پنجاب کے زیرِ اہتمام زرعی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو، سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ، صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود اور سیکرٹری فوڈ سیفٹی اینڈ کنزیومر پروٹیکشن ڈاکٹر کرن خورشید سمیت زرعی و لائیوسٹاک ویلیو چین سے وابستہ 100 سے زائد اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک سے ایگرو پروسیسنگ انڈسٹری کے فروغ اور زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے لیے قابلِ عمل تجاویز حاصل کرنا تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے میں ایگرو پروسیسنگ یونٹس کے قیام کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آم کی پروسیسنگ سے فی ٹن ویلیو 300 ڈالر سے بڑھ کر 3500 ڈالر تک، کینو کی پروسیسنگ سے ویلیو میں پانچ گنا جبکہ آلو کی پروسیسنگ سے ویلیو 150 ڈالر فی ٹن سے بڑھ کر 8500 ڈالر فی ٹن تک لے جائی جا سکتی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دودھ اور گوشت کی ویلیو ایڈیشن کے لیے بھی نجی شعبے کو مکمل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ زرعی شعبے میں ویلیو ایڈیشن اور پروسیسنگ کی غیر معمولی اہمیت ہے اور پنجاب میں آم، کینو اور آلو کی ویلیو ایڈیشن میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کو زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن کے لیے سرمایہ کاری کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ویلیو چین کی مضبوطی اور ویلیو ایڈیشن کے ذریعے ہی پاکستانی زرعی مصنوعات کی بین الاقوامی منڈیوں میں طلب میں اضافہ ممکن ہے۔اجلاس میں شرکاء نے ایگرو پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور ایکسپورٹ پر مبنی زراعت کے فروغ کے لیے مختلف قابلِ عمل تجاویز پیش کیں۔