بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے ممبئی میں واقع گھر سے مبینہ طور پر تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات چوری ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کا واقعہ ممبئی کے چرچ گیٹ علاقے میں پیش آیا، جہاں امیشا پٹیل کے والدین رہائش پذیر ہیں۔ پولیس کے مطابق زیورات چوری ہونے کی شکایت اداکارہ کی والدہ آشا پٹیل نے درج کرائی۔پولیس نے مبینہ چوری کے الزام میں 40 سالہ سیما گھاٹے کو گرفتار کیا ہے، جو تقریباً ڈیڑھ سال سے امیشا پٹیل کے والدین کے گھر میں گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔آشا پٹیل کو مبینہ طور پر سیما گھاٹے پر چوری میں ملوث ہونے کا شبہ تھا۔ وہ تقریباً 5 سے 6 ماہ تک اس سے مبینہ طور پر چوری کا اعتراف کرنے اور زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں، تاہم زیورات واپس نہ ملنے پر انہوں نے پولیس سے رجوع کیا۔شکایت موصول ہونے کے بعد میرین ڈرائیو پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کیں اور ملزمہ کو حراست میں لے لیا۔پولیس کے مطابق سیما گھاٹے کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے اسے 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔