خلیجی ممالک میں کشیدگی، پاکستان بھر میں 60 سے زائد پروازیں منسوخ

خلیجی ممالک میں کشیدگی، پاکستان بھر میں 60 سے زائد پروازیں منسوخ

لاہور: سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوگیا، ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے بیرونِ ملک جانے والی 60 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جدہ، ریاض، متحدہ عرب امارات سمیت دیگر خلیجی مقامات کے لیے جانے والی 15 پروازیں منسوخ کی گئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ سے 19، اسلام آباد سے 14، سیالکوٹ سے 2، فیصل آباد سے 4، پشاور سے 4 جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے 5 پروازیں منسوخ ہوئیں۔لاہور سمیت ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز کو فلائٹ شیڈول میں بار بار تبدیلیوں کا سامنا ہے، جس کے باعث مسافروں کی پریشانی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق صورتحال کے باعث مسافروں کو روانگی سے قبل اپنی پرواز کا تازہ ترین شیڈول متعلقہ ایئرلائن سے تصدیق کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔