شہر میں چکن اور انڈوں کی قیمتیں بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگیں، جبکہ سرکاری نرخنامہ محض کاغذوں تک محدود دکھائی دے رہا ہے۔
سرکاری نرخنامے کے مطابق برائلر مرغی کا گوشت 461 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مارکیٹ میں مرغی کا گوشت 520 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح فارمی انڈوں کی سرکاری قیمت 244 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، لیکن مارکیٹ میں صارفین سے 300 روپے فی درجن وصول کیے جا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں بیشتر دکاندار سرکاری نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی مرضی کے ریٹ پر اشیائے ضروریہ فروخت کر رہے ہیں، جس سے مہنگائی کا بوجھ مزید بڑھ رہا ہے۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر مؤثر عملدرآمد کرایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔