ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یمن کے مسائل محاصرے اور فوجی کشیدگی کے ذریعے حل نہیں ہوسکتے، جبکہ ایران یمن کے معاملے پر مذاکرات کی بحالی کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق خطے میں پائیدار امن اور استحکام یمن کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام سے وابستہ ہے۔ یمنی عوام کو دباؤ، دھمکیوں اور غیر انسانی محاصرے سے آزاد ہوکر باعزت زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ترجمان نے کہا کہ یمن کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے طے شدہ روڈ میپ کے تحت فوری طور پر مذاکرات بحال کیے جانے چاہئیں اور اس پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ضروری ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ مذاکرات کی بحالی اور یمن کے مسئلے کے سیاسی حل کے لیے ہونے والی ہر مثبت کوشش میں ایران تعاون کے لیے تیار ہے۔ایرانی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ فوجی کشیدگی میں اضافے کے بجائے بات چیت اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانا ہی خطے میں امن و استحکام کے لیے مؤثر راستہ ہے۔