حافظ نعیم 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ

لاکھوں کا سمندر چاروں اطراف سے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا:امیر جماعت اسلامی کا جلسہ سے خطاب 
گوجرانوالہ(خصوصی رپورٹ )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کا بڑا اعلان کر دیا۔ گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 20 ستمبر کو 25 کروڑ عوام کے حقوق کے لیے لاکھوں کا سمندر چاروں اطراف سے اسلام آباد کی طرف مارچ کرے گا۔ اگر حکومت نے پٹرولیم لیوی بھتہ ختم نہ کیا تو حکومت گرا تحریک کا آغاز کر دیا جائے گا،وزیر اعظم شہباز شریف کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کا موڈ سمجھ لیں اور فوری ریلیف دیں، جب عوام کا سمندر سڑکوں پر نکلے گا تو آپ کو بھاگنے کا راستہ بھی نہیں ملے گا، لیوی کے خاتمے کا فیصلہ اب عوام اسلام آباد کی سڑکوں پر کریں گے،حافظ نعیم الرحمان نے کہاشریف خاندان کی ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں تک کو بنیادی حقوق حاصل نہیں،پنجاب میں خواتین سے زیادتی کے ہزاروں مقدمات درج ہو رہے ہیں جبکہ وزیراعلی عوام کے پیسوں سے لندن میں عیاشی کر رہی ہیں ، امیر جماعت اسلامی نے مریم نواز کو چیلنج کرتے ہوئے کہا وہ لندن دورے کے تمام اخراجات عوام کے سامنے رکھیں، حکمران اشرافیہ اپنی عیاشیاں کم نہیں کرتا جبکہ غریب عوام سے لیوی بھتہ وصول کرتا ہے، انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب شریف خاندان، وزرا اور بیوروکریٹس 1300 سی سی گاڑیوں پر آنے کو تیار نہیں اور ایف بی آر میں سالانہ 1300 ارب روپے کی کرپشن ہو رہی ہے تو غریب عوام یہ بوجھ کیوں اٹھائیں؟ سودی نظام اور معاشی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ساڑھے 11 فیصد سود میں محض 3 فیصد کمی کر دی جائے تو پٹرولیم لیوی سے کہیں زیادہ آمدنی ہو سکتی ہے،،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے امیر پنجاب محمد جاوید قصوری ،ضلعی امیرمظہر اقبال رندھاوانے بھی خطاب کیا، امیر جماعت اسلامی نے اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کے دعوں کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے مل کر اس نظام کو تحفظ دیا ہے، اب حکمرانوں کے مزید مظالم برداشت نہیں کریں گے، عوام کے حقوق چھین کر لیں گے۔