ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں واقع نیشنل ایتھلیٹکس اسٹیڈیم میں ورلڈ الٹمیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو مقابلے ہوں گے، جہاں دنیا کے ٹاپ 8 جیولن تھروورز ایکشن میں نظر آئیں گے۔
اولمپک چیمپئن پاکستان کے ارشد ندیم بھی جیولن تھرو کے مقابلے میں حصہ لیں گے، جبکہ عالمی چیمپئن کیشرون والکوٹ اور ورلڈ نمبر ون جیولن تھروور سری لنکا کے رمیش پاتھیرنگا سمیت دنیا کے نامور ایتھلیٹس میدان میں اتریں گے۔مقابلے میں اینڈرسن پیٹرس، جولین ویبر، ڈیوڈ ویگنیر اور جولیس ییگو بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔ جیولن تھرو کے مقابلے پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بج کر 15 منٹ پر شروع ہوں گے۔مقابلے کے پہلے دو مرحلوں میں تمام 8 ایتھلیٹس کو تھرو کرنے کا موقع دیا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والے ٹاپ 6 تھروورز حصہ لیں گے۔ چوتھے اور آخری مرحلے میں صرف ٹاپ 4 ایتھلیٹس میدان میں اتریں گے۔ورلڈ الٹمیٹ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو ایونٹ کے فاتح کو ڈیڑھ لاکھ امریکی ڈالرز کی انعامی رقم دی جائے گی، جبکہ پاکستانی شائقین کی نظریں ارشد ندیم کی کارکردگی پر مرکوز ہوں گی۔