تاپسی پنوں کی ماضی میں پاپارازی کے ساتھ کئی مرتبہ تلخ کلامی ہوچکی ہے
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنوں کی ماضی میں پاپارازی کے ساتھ کئی مرتبہ تلخ کلامی ہوچکی ہے اور انھوں نے ہمیشہ فوٹوگرافرز کے ساتھ ایک حد برقرار رکھنے کی بات کی۔ انہیں اکثر فوٹوگرافرز کے ساتھ بحث کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ ان کا موازنہ سینئر اداکارہ جیا بچن سے کرتے ہیں، جو فوٹوگرافرز کی جانب سے نجی زندگی میں مداخلت کے خلاف کھل کر بولتی ہیں۔ایک حالیہ گفتگو کے دوران دہلی سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ تاپسی نے جیا بچن سے اپنے موازنے پر کہا کہ دوسری جیا بچن اور جیا بچن لائٹ کہنا میرے خیال میں یہ ایک اعزاز ہے۔ وہ ایک بہت اچھی اداکارہ اور مضبوط شخصیت کی مالک ہیں۔ لوگ ان سے میرا موازنہ کرکے میری پذیرائی کرتے ہیں۔پاپارازی کے ساتھ اپنے رویے کا دفاع کرتے ہوئے تاپسی نے کہا سچ کہوں تو مجھے اس کی کوئی پروا نہیں، میں جانتی ہوں کہ میں نے کبھی کسی پر آواز نہیں اٹھائی۔ میں ایسی نہیں کہ کسی کو گالی دوں۔ ایک ایسی عورت جس کی حدود بالکل واضح ہوں، بہت سے لوگوں کے لیے خوفزدہ کرنے والی ہوتی ہے۔