غیر قانونی اسلحہ کیس: کامران قریشی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنائے جانے کا امکان

غیر قانونی اسلحہ کیس: کامران قریشی کی ضمانت منسوخی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ، کل سنائے جانے کا امکان

کراچی: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے غیر قانونی اسلحہ کیس میں ارمغان کے والد کامران قریشی کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا، جو 13 ستمبر کو سنایا جائے گا۔

پراسیکیوٹر عبدالرزاق گجر نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ملزم نے عدالت کو گمراہ کرکے ضمانت حاصل کی، جس پر عدالت نے اظہار حیرت کیا کہ کیا افسران بالا کے ناراض ہونے کی وجہ سے درخواست دائر کی گئی ہے؟ پراسیکیوٹر نے کہا کہ افسران کو سمجھا دیا ہے کہ غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے۔پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ ملزم کامران قریشی کی ضمانت برقرار رہنے سے اس کے دیگر مقدمات بھی کمزور ہوسکتے ہیں، لہٰذا ضمانت منسوخ کی جائے۔

ملزم کے وکیل خرم عباس ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ کامران قریشی کے خلاف مقدمہ جھوٹا ہے اور اسے میرٹ پر ضمانت دی گئی ہے، اس لیے درخواست ناقابلِ سماعت ہے۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا اور کہا کہ میرٹ پر فیصلہ سنایا جائے گا۔