کراچی: مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم کے والد کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں ضمانت منظور
کراچی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت نے مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران اصغر قریشی کی غیر قانونی اسلحہ کیس میں ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کر لی۔عدالت میں سماعت کے دوران ملزم کے وکیل خرم اعوان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کو صرف اس بنا پر مقدمے میں ملوث کیا جا رہا ہے کہ وہ ارمغان کا والد ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ کیس بے بنیاد اور جھوٹا ہے، اور ملزم کو متعدد مقدمات میں زبردستی ملوث کیا گیا ہے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے فوری طور پر رہا کیا جائے۔اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نے کامران اصغر قریشی کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ اس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا۔ پولیس کے مطابق کامران اصغر قریشی کے خلاف مجموعی طور پر چار مقدمات درج ہیں۔