کشتیاں سرکاری نگرانی میں چلائی جائیں گی ، پرائیویٹ کشتیوں کے مالکان کو ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی ، متاثرین سے لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہوگی
مصنوعی قلت پیدا کر کے آٹے کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے، ملک میں سیلابی صورتحال میں پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کر رہی ہے :میڈیا سے گفتگو
لاہور(سپیشل رپورٹر ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے پنجاب سخت ترین آفت سے لڑ رہا ہے، سیاست کیلئے سیلاب کو استعمال کرنا نا مناسب ہے‘ وزیر اعلی نے پرائیویٹ کشتیوں کے زائد معاوضے پر نوٹس لے لیا ہے۔ جبکہ مصنوعی قلت پیدا کر کے آٹے کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ ملک میں سیلابی صورتحال ہے۔ اور پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے سیلابی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز آج بھی قوم کی خدمت میں مصروف ہیں۔ سیلابی صوتحال کے دوران میڈیا کا کردار مثبت رہا۔ تاہم کچھ لوگوں نے سیلابی کیفیت کو سنجیدہ نہیں لیا۔ اور سیلاب پر سیاست کرنا نامناسب ہے۔ ہیڈ محمد والا پر پانی کی صوتحال کنٹرول میں ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے پرائیویٹ کشتیوں کے زائد معاوضے پر نوٹس لے لیا ہے۔ اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے کیلئے کشتیاں سرکاری نگرانی میں چلائی جائیں گی۔ پرائیویٹ کشتیوں کے مالکان متاثرین سے ہزاروں روپے مانگ رہے ہیں۔ تاہم اب پرائیویٹ کشتیوں کے مالکان کو ادائیگی حکومت پنجاب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ متاثرین سے لوٹ مار کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی ہو گی۔ ملتان میں 319 کشتیاں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔ اور گزشتہ روز کشتی ڈوبنے کا واقعہ سامنے آیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے اسسٹنٹ کمشنر جلالپور کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ اور مکرم خان کو نیا اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالہ تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی سرکاری قیمت کو ہر حال میں لاگو کیا جائے گا۔ اور مصنوعی قلت پیدا کر کے آٹے کی قیمت نہیں بڑھانے دیں گے۔ خانیوال میں گندم بروقت منتقل نہ کرنے پر خراب ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ اور پنجاب میں گندم کی کسی قسم کی کوئی کمی نہیں۔ اور نہ ہی گندم کی قیمت میں کمی آئی ہے۔