مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے:وزیرداخلہ
یواے ای کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین سے ملاقات، مشترکہ کارروائیوں پر اتفاق
اسلام آباد(آ ئی این پی )پاکستان اور متحدہ عرب امارات(یوا ے ای ) نے منشیات کے خلاف مشترکہ کارروائیوں پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کی ملاقات میں طے پایا، وزارت داخلہ آمد پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے مہمان کا خیرمقدم کیا۔ملاقات میں انسداد منشیات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور پاکستان اور یو اے ای کے درمیان انسداد منشیات کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، انسداد منشیات کیلئے تعاون بڑھانے کی غرض سے پاکستان کی جانب سے ڈی جی اے این ایف میجر جنرل عبدالمعید اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے بریگیڈیئر طاہر غریب نمائندہ خصوصی مقرر کر دیئے گئے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا اور شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کو نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کا پہلا چیئرمین بننے پر مبارکباد بھی پیش کی۔انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام سے دونوں ممالک کے مابین انسداد منشیات کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔وزیر داخلہ نے شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان کو انسداد منشیات میں اشتراک کار کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان منشیات کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے، مکروہ کاروبار سے منسلک عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔