کسی بھی سیاسی جماعت پر دہشت گردی کا الزام نہیں لگنا چاہیے، سیاسی معاملات کو ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے:وزیرداخلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے ہماری پوری کوشش تھی کہ صوبے میں ایمرجنسی کا نفاذ نہ ہوئے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے مسئلے پر صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون اور مذاکرات کے لیے ہر ممکن کوشش کی، تاہم صوبے میں ایپکس کمیٹی کے قیام کے لیے بھی انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔اْنہوں نے کہا کہ بعض معاملات کی وضاحت کرنا ضروری ہے، رواں سال فروری میں پشاور میں ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، تاہم خیبرپختونخوا میں ایپکس کمیٹی بنوانے کے لیے شدید مشکلات پیش آئیں‘ حکومت نے ہر مرتبہ آگے بڑھ کر مذاکرات کیے اور وہ خود مذاکراتی عمل سے اٹھ کر نہیں گئے،سچ کو سامنے رکھنا چاہیے اور معاملات کو حقائق کی روشنی میں دیکھا جانا چاہیے۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کسی بھی سیاسی جماعت پر دہشت گردی کا الزام نہیں لگنا چاہیے، سیاسی معاملات کو ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھایا جائے اور کسی جماعت کو دہشت گردی سے جوڑنے سے پہلے حقائق کو مدنظر رکھا جائے۔محسن نقوی نے مزید کہا کہ متعلقہ سیاسی قیادت کو چاہیے کہ وہ اپنی صوبائی قیادت کے ساتھ بیٹھ کر جائزہ لے کہ کہاں اور کیا غلطی ہوئی، اس معاملے پر پریس ریلیز جاری کر دی گئی ہے، تاہم ان کے بقول متعلقہ فریقین کی جانب سے دہشت گردی کی مذمت نہیں کی گئی۔