اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں آج شام ایوانِ صدر میں ان کی صدر مملکت آصف علی زرداری سے اہم ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس کل شام ایوانِ صدر میں طلب کر لیا گیا ہے، جس کی مشترکہ صدارت صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کریں گے۔اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور اہم سیاسی معاملات پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کو ملکی سیاسی صورتحال سے متعلق اعتماد میں لیں گے اور پارٹی کی آئندہ حکمتِ عملی اور سیاسی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ میں پیش کیے جانے والے نئے بلوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی، جبکہ ارکان کو قانون سازی سے متعلق امور پر اعتماد میں لیا جائے گا۔دریں اثنا، بلاول بھٹو زرداری اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان آج شام ایوانِ صدر میں ہونے والی متوقع ملاقات میں بھی ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم معاملات زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔