کراچی ( خصوصی رپورٹ) سعودی عرب کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثیوں کے میزائل حملے کے بعد ریاض جانے والی پاکستانی پروازیں معطل کر دی گئیں۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق پی آئی اے کا ریاض کے لیے آپریشن مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ فلائی جناح کی لاہور اور کراچی سے ریاض جانے والی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ پی اے اے کے مطابق کراچی سے ریاض جانے والی فلائی ناس کی پرواز بھی منسوخ کر دی گئی، جبکہ فلائی ناس کی کراچی سے مدینہ جانے والی پرواز تکنیکی وجوہات کی بنا پر منسوخ کی گئی ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور اور اسلام آباد سے جدہ اور مدینہ جانے والی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں۔ پی اے اے نے کہا ہے کہ متاثرہ پروازوں کے مسافروں کی سہولت کے لیے خصوصی کا ئونٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔