کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) بلوچستان سے اغوا ہونے والے ایڈیشنل سیشن جج اسداللہ رئیسانی اور ان کے ساتھ اغوا ہونے والے پولیس اہلکار کو بازیاب کروا لیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق انہیں چند روز قبل کوئٹہ سے پنجگور جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے سوراب سے اغوا کیا تھا۔ ایڈیشنل سیشن جج کے اغوا کے خلاف گزشتہ جمعرات کو وکلا نے بطور احتجاج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا تھا۔ بلوچستان بار کونسل کے عہدیدار راحب خان بلیدی نے بتایا کہ ایڈیشنل سیشن جج اسداللہ رئیسانی ہفتے کے روز بحفاظت بازیاب ہوگئے۔ ان کے ساتھ اغوا ہونے والے پولیس اہلکار تاج محمد نے بھی فون پر رابطہ کرنے کے دوران ایڈیشنل سیشن جج اور اپنی بازیابی کی تصدیق کی۔ ایڈیشنل سیشن جج پنجگور کا اغوا بلوچستان میں تین سے چار ہفتوں کے دوران اغوا کا دوسرا بڑا واقعہ تھا۔ اس سے قبل ڈپٹی کمشنر خاران منیر سومرو کو بھی نامعلوم افراد نے 20 ستمبر کو تین دیگر افراد کے ہمراہ اغوا کیا تھا۔