سبزہ زار : شہری پر چھری سے حملہ، ملزم تین گھنٹے میں گرفتار

 ملزم نے لڑائی کے دوران عمران لیاقت کو پیٹ میں چھری مار کر شدید زخمی کردیا گیا
 لاہور (کرائم رپورٹر) سبزہ زار کے علاقے پی بلاک میں لڑائی جھگڑے کے دوران شہری کو پیٹ میں چھری مار کر شدید زخمی کرنے والے ملزم کو پولیس نے تین گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کراچی والی پلی کی گلی میں پان شاپ کے قریب گالی گلوچ کے بعد ملزم اصغر علی عرف ببی نے عمران لیاقت پر چھری سے وار کیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔ حملے میں عمران لیاقت شدید زخمی ہوگیا اور اس کی انتڑیاں باہر آگئیں، جسے تشویشناک حالت میں نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ایس پی اقبال ٹائون سدرہ خان کے مطابق سبزہ زار پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرکے واردات میں استعمال ہونے والی چھری بھی برآمد کر لی ہے۔ ملزم کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ایس پی اقبال ٹائون نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے شاباش دی۔